رپورٹ: عرفان خان
خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری موسلادھار بارشوں نے شدید تباہی مچا دی ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے مجموعی طور پر 41 افراد جاں بحق جبکہ 117 زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ کے مطابق 98 گھر مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں، جبکہ 554 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
جاں بحق افراد میں 27 بچے، 13 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 51 بچے، 45 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔

بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، لکی مروت، شانگلہ، بٹگرام، لوئر کوہستان، مانسہرہ، طورغر، سوات، اپر دیر، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، لوئر دیر، اورکزئی، جنوبی وزیرستان اور ٹانک شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، متاثرہ اضلاع کو فوری امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے اور انتظامیہ نے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے کابل نوشہرہ کے مقام پر نچھلے سے درمیانے درجے کا سیلاب اور دریائے کابل سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جان و مال کے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔





