مردان پولیس نے گزشتہ ماہ کی گئی کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق مردان پولیس نے فروری میں 172 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کر لیا، جبکہ غیر قانونی اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کی گئیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، ان کارروائیوں سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
مردان پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی کی نگرانی میں پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز، کومبنگ آپریشنز اور دیگر انسدادی کارروائیاں کیں، جن میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں کئی ایسے اشتہاری شامل ہیں جو سالوں سے قانون کی گرفت سے بچ رہے تھے۔
اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 750 غیر قانونی ہتھیار اور 9,002 کارتوس برآمد کیے گئے، جن میں 35 کلاشنکوف، 6 کالاکوف، 18 رائفل، 29 شارٹ گن اور 653 پستول شامل ہیں۔
اسی طرح، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں 108 کلوگرام سے زائد چرس، 7.5 کلوگرام ہیروئن، 43 کلوگرام آئس اور 3 لیٹر شراب برآمد کی گئی، جبکہ درجنوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔