خطے میں امن کی طرف بڑا قدم، پاکستان کی حکمت عملی نے عالمی میڈیا کو دنگ کر دیا

خطے میں امن کی طرف بڑا قدم، پاکستان کی حکمت عملی نے عالمی میڈیا کو دنگ کر دیا

امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کے جرأت مندانہ اور فیصلہ کن کردار کی پذیرائی کی جا رہی ہے۔

دنیا بھر کے معتبر ذرائع ابلاغ نے پاکستان کی مدبرانہ سفارتکاری کو سراہا ہے اور اسے امن کے ضامن کے طور پر ابھرتے ہوئے پیش کیا ہے۔ ایک بین الاقوامی اخبار کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مذاکرات کی قیادت کی، اور ایسے حساس لمحات میں پاکستان کے اہم اقدامات کو عالمی برادری اور فریقین نے سنجیدگی سے لیا۔

اخبار میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی دانشور اور تجزیہ کار پاکستان کے مؤقف کو نہ صرف تسلیم کر رہے ہیں بلکہ اس کی تعریف بھی کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار رات گئے تک سفارتکاری میں مصروف رہے۔

خلیجی میڈیا کے مطابق پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے خاتمے میں بہترین کردار ادا کیا، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے روک دیے۔ پاکستان نے اپنی دیرینہ تعلقات کی بنیاد پر ایران اور امریکا کے درمیان اعتماد پیدا کر کے خود کو ایک قابل بھروسہ ثالث کے طور پر منوایا۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان نے ایک طاقتور ثالث کے طور پر اپنی حیثیت مستحکم کی، جبکہ امریکی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ صدر ٹرمپ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے بات چیت کے بعد لڑائی روک دی۔ برطانوی ٹی وی نے بھی کہا کہ پاکستان نے کئی ہفتوں کی مسلسل کوششوں کے بعد خطے میں امن اور استحکام کے قیام میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اس پیش رفت کے بعد پاکستان عالمی منظرنامے پر نہ صرف اپنے اہم کردار کو منوائے گا بلکہ خطے میں دیرپا امن کے لیے بھی ایک قابل اعتماد ملک کے طور پر پہچانا جائے گا۔

Scroll to Top