واشنگٹن: امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے کمسن بچوں سے جنسی تعلق کے مجرم جیفری ایپسٹین سے اپنے مبینہ تعلقات کی خبروں کو بے بنیاد اور پروپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اور جیفری ایپسٹین کے درمیان تعلق ظاہر کرنے کے لیے جعلی تصاویر پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی تمام خبریں گمراہ کن ہیں اور ان کا مقصد بدنام کرنا ہے۔
میلانیا ٹرمپ نے اس معاملے پر متاثرین کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایپسٹین کیس سے متاثرہ خواتین کے لیے امریکی کانگریس میں کھلی سماعت کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر متاثرہ خاتون کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ حلف کے ساتھ اپنی گواہی دے اور اپنی کہانی عوام کے سامنے پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیں : ہر پاکستانی پر کتنا قرضہ ہے؟ نئی رپورٹ جاری
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی گواہی کو کانگریس کے سرکاری ریکارڈ کا مستقل حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
میلانیا ٹرمپ کے مطابق صرف شفاف اور کھلے عمل کے ذریعے ہی سچائی سامنے لائی جا سکتی ہے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔





