آزاد کشمیر پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے وابستہ ایک ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کے مطابق گرفتار ملزم ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور حساس معلومات دشمن عناصر تک منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ایک منظم نیٹ ورک کا حصہ تھا، جو حساس مقامات کی معلومات بیرونی عناصر تک پہنچانے میں سرگرم تھا۔
آئی جی آزاد کشمیرکا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے بعض حساس مقامات کی لوکیشنز بھی شیئر کی جا رہی تھیں، اور ملزم اپنے مذموم مقاصد کے تحت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششوں میں بھی ملوث رہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور آزاد کشمیر کی سرزمین کا تقدس کسی بھی قیمت پر پامال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس سے جڑے دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ سیکیورٹی ادارے ملک دشمن سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لا رہے ہیں۔





