ملک بھر میں حج فلائٹ آپریشن کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت عازمینِ حج کی مقدس سرزمین کی جانب روانگی شروع ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق پہلی حج پرواز آج 18 اپریل کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہی ہے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں حج آپریشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حج آپریشن کا آغاز بیک وقت کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے ہونے والی پروازوں کے ذریعے کیا گیا ہے، جہاں سے عازمین کو مرحلہ وار روانہ کیا جا رہا ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ ان میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین شامل ہیں، جنہیں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ منتقل کیا جائے گا۔
حج آپریشن کے پہلے روز 4 پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جا رہا ہے، جبکہ جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : 500 خواتین کو محبت کے جھانسے میں پھنسانے والا شخص گرفتار
ذرائع کے مطابق پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی، جس کے ساتھ حج فلائٹ آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ وہ بخیر و عافیت اپنے مقدس سفر کا آغاز کر سکیں۔





