پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے بارسلونا میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2025 کے دوران اسٹار لنک ٹیم سے ملاقات کی
ملاقات میں اس بات کا انکشاف کیا کہ اسٹار لنک کی پاکستان میں رجسٹریشن کا عمل اس وقت ملکی سیٹلائٹ ریگولیٹری باڈی کے ساتھ جاری ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کے مختلف امکانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خاص طور پر دور دراز اور کم سہولت یافتہ علاقوں میں سستی اور معیاری براڈ بینڈ رسائی فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجیز کو متعارف کروا کر انٹرنیٹ کی سہولت کو ہر فرد تک پہنچایا جائے گا۔
اسٹار لنک کی ٹیم نے چیئرمین پی ٹی اے کو سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے حل کی تفصیلات فراہم کیں اور موبائل فون سروسز کے ساتھ مسابقت کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے ریگولیٹری فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات پر بات چیت کی کہ کیسے پاکستان میں جدید انٹرنیٹ خدمات کو مؤثر طریقے سے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔