پشاور: حسن خیل میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی، پاک فوج کی ریسکیو کارروائیاں جاری، 3 مزدورباحفاظت نکال لیے گئے

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن خیل میں پستوانہ ٹاپ کے قریب کوئلے کی کان میں اچانک مٹی اور ملبہ گرنے سے 4 افراد دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے جوان اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

طویل اور کٹھن امدادی سرگرمیوں کے بعد ملبے تلے پھنسے 4 میں سے 3 افراد کو باحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے جبکہ چوتھے شخص کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

پستوانہ ٹاپ پر واقع کوئلے کی کان میں کام کے دوران اچانک ملبہ بیٹھ گیا جس سے چار کان کن اندر ہی پھنس کر رہ گئے۔ پاک فوج، ریسکیو ٹیموں اور مقامی شہریوں نے بھاری مشینری کی مدد سے انتہائی احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹانے اور کان کے اندر جانے کے لیے راستہ بنانے کا کام شروع کیا۔

پاک فوج کے جوانوں اور ریسکیو اداروں نے مشکل اور خدشات سے بھرپور حالات کے باوجود امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا جس کے نتیجے میں تین افراد کی جان بچا لی گئی ہے۔ آخری فرد کی سلامتی کے ساتھ بقیہ ملبہ ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے۔

Scroll to Top