اسلام آباد: دارالعلوم تعلیم القرآن راولپنڈی کے مہتمم اور جانشین شیخ القرآن مولانا اشرف علی انتقال کر گئے، جس پر علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جمیعتِ علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مولانا اشرف علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات ایک بڑا علمی نقصان ہے اور ان کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اپنے تعزیتی بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مولانا اشرف علی کی وفات کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی جلیل القدر خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں صدقہ جاریہ بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی طویل علالت کو ان کے لیے درجات کی بلندی اور خطاؤں کے کفارے کا ذریعہ بنایا جائے، جبکہ دارالعلوم تعلیم القرآن اور خانوادہ مولانا غلام اللہ خان کی دینی و تعلیمی خدمات کو اللہ تعالیٰ جاری و ساری رکھے۔
یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ: اسکوٹی حادثے میں کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر انتقال کر گئیں
مولانا فضل الرحمان نے مرحوم کے اہل خانہ، تلامذہ، متعلقین اور منتسبین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔





