گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری، حکومت کا چالان کے متعلق بڑا اعلان

پنجاب اسمبلی نے ٹریفک جرمانوں میں کمی سے متعلق اہم ترمیمی بل کثرتِ رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے بعد صوبے میں مختلف گاڑیوں کے چالان میں نمایاں کمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ تاہم اس قانون کی حتمی توثیق گورنر پنجاب کریں گے جس کے بعد یہ باضابطہ طور پر نافذ العمل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی موٹر وہیکل (چوتھی ترمیم) 2025 آرڈیننس کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، کار، لگژری اور ہیوی گاڑیوں کے جرمانوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔

نئی ترامیم کے تحت موٹر سائیکل کے بعض چالان 2 ہزار روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح رکشہ کے جرمانے 3 ہزار روپے سے کم کر کے 1 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

کار اور جیپ کے جرمانوں میں بھی کمی کی گئی ہے، جن کے تحت بعض چالان 5 ہزار روپے سے کم کر کے 2 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ برقرار رکھا گیا ہے۔ تاہم اوور اسپیڈنگ کے جرمانوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران سے ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو ہمیشہ قائم رہے، ٹرمپ کا ہرمز کھولنے کا اعلان

اسی طرح 2000 سی سی اور لگژری گاڑیوں کے جرمانوں میں کمی کرتے ہوئے انہیں 20 ہزار روپے سے کم کر کے کم سطح پر لایا گیا ہے۔ مزدا، کوسٹر اور چھوٹی مسافر وینز کے جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ ٹرک اور بسوں کے زیادہ سے زیادہ جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیے گئے ہیں۔

ایوان میں حکومتی مؤقف کے مطابق یہ ترامیم عوام کو ریلیف دینے اور ٹریفک جرمانوں کے نظام کو زیادہ متوازن اور قابلِ برداشت بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔

بل کی حتمی منظوری کے بعد نئے جرمانے باضابطہ طور پر نافذ ہوں گے، جس کے بعد صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کے نفاذ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Scroll to Top