کوئٹہ : کوئٹہ میں اسکوٹی حادثے میں زخمی ہونے والی قومی کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق بلوچستان کے سیکرٹری کھیل نے کر دی ہے۔
حکام کے مطابق آرزو حیدر نیشنل گیمز میں گولڈ اور سلور میڈلز جیتنے والی ایک باصلاحیت اور ابھرتی ہوئی کھلاڑی تھیں۔
حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج رہیں، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکیں۔
ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے ایوب اسٹیڈیم جا رہی تھیں کہ راستے میں ان کی اسکوٹی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : آج کی غلطیوں کا ازالہ کرکے اسلام آباد کو ٹف ٹائم دیں گے، صاحبزادہ فرحان
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد کھیلوں کی دنیا میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی ہے۔
بلوچستان کے اسپورٹس حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرزو حیدر کی کھیلوں کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اور ان کا انتقال قومی کھیلوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔





