مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری

مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ جاری

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 12.16 فیصد سے بڑھ کر 13.98 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 19 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیاء کی قیمتیں اپنی سطح پر مستحکم رہیں۔

قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے میں آلو کی قیمت میں 3.13 فیصد، بریڈ 0.91 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 0.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انڈے، مٹن، چکن اور گھی جیسی اہم اشیاء بھی مہنگی ہونے والی فہرست میں شامل ہیں۔

دوسری جانب عوام کے لیے ریلیف کی خبر یہ رہی کہ حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 27.65 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 9.35 فیصد کی بڑی کمی واقع ہوئی، جبکہ ڈیزل، ایل پی جی، آٹا اور چینی کے نرخوں میں بھی گراوٹ دیکھی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگرچہ سالانہ شرح بڑھی ہے تاہم ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں مجموعی طور پر 0.33 فیصد کی معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

Scroll to Top