ایک دم سے سب بدل گیا! ایرانی ریال کی قیمتوں میں تیزی، وجہ بھی سامنے آگئی

ایک دم سے سب بدل گیا! ایرانی ریال کی قیمتوں میں تیزی، وجہ بھی سامنے آگئی

پاکستان کی غیر سرکاری اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب میں اچانک اضافے کے باعث اس کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس نے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق مقامی مارکیٹ میں ایرانی ریال عالمی قیمت کے مقابلے میں تین سے چار گنا مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ اس وقت کیش مارکیٹ میں ایک کروڑ (10 ملین) ایرانی ریال کا بنڈل 8,000 سے 10,000 پاکستانی روپے کے درمیان دستیاب ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت تقریباً 2,110 روپے بنتی ہے، تاہم پاکستان میں زیادہ طلب اور محدود سپلائی کے باعث قیمتوں میں واضح فرق پیدا ہو گیا ہے۔

اوپن مارکیٹ ریٹس کے مطابق اس وقت پاکستان میں 1 روپے کے عوض تقریباً 1,000 ایرانی ریال دیے جا رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر یہی شرح تقریباً 4,725 ریال فی پاکستانی روپیہ کے قریب ہے، جو واضح فرق کی نشاندہی کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی ممکنہ وجوہات میں مقامی طلب میں اضافہ، اسمگلنگ، اور زائرین کی بڑی تعداد کی جانب سے ریال کی خریداری شامل ہو سکتی ہیں، خاص طور پر ایران جانے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس رجحان کو تقویت دے رہی ہے۔

کرنسی ڈیلرز نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ریال یا دیگر غیر ملکی کرنسی کی خریداری کرتے وقت محتاط رہیں، کیونکہ مختلف شہروں اور ڈیلرز کے لحاظ سے نرخ تبدیل ہو سکتے ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ ایکسچینج کمپنیوں سے ہی لین دین کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر طلب اور رسد کے درمیان یہی فرق برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

Scroll to Top