پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اختلافات، اہم رہنما کا عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں اختلافات، اہم رہنما کاعہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں جہاں صوبائی صدر کے ساتھ اختلافات کے باعث جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انجینئر خائستہ محمد کا کہنا ہے کہ پارٹی میں اس وقت ڈکٹیٹرشپ کا ماحول ہے اور اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ پارٹی پالیسی اور تنظیمی معاملات میں کابینہ کو مکمل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی صدر کی جانب سے ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کا نوٹیفکیشن بھی کابینہ سے مشاورت کے بغیر جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اگر تمام فیصلے ایک فرد ہی کرے گا تو پھر کابینہ کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں رہتا، وہ صرف نام کے لیے کابینہ کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ عمران خان کے نظریے کے مطابق اختیارات ایک فرد کے پاس نہیں بلکہ پوری کابینہ کے پاس ہونے چاہئیں۔

انہوں نے پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کوئی سنجیدہ کوششیں نظر نہیں آ رہیں اور لیڈرشپ نے اس معاملے پر چپ سادھ لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ناحق قید میں تقریباً 3 سال ہونے کو ہیں مگر پارٹی لیڈرشپ کے پاس ان کی رہائی کے لیے کوئی واضح حکمت عملی موجود نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی میں فیصلے فرد واحد کر رہا ہے اسی لیے انہوں نے استعفیٰ کا فیصلہ کیا ہے۔

Scroll to Top