چارسدہ، دو مختلف واقعات میں معصوم بچی سمیت دو افراد جاں بحق

چارسدہ، دو مختلف واقعات میں معصوم بچی سمیت دو افراد جاں بحق

الف خان شیر پاؤ
چارسدہ میں فائرنگ اور ٹریفک حادثے کے دو الگ الگ واقعات میںمعصوم بچی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

تھانہ پڑانگ کی حدود سافر خیل میں ملزم مصور شاہ نے فائرنگ کرکے تاج ولی نامی شخص کو قتل اور اس کے بیٹے مشال کو شدید زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون (مسمات ر) بھی زخمی ہوئی ہیں، جنہیں لاش کے ہمراہ فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی وجہ ملزم کی پہلی بیوی کی جانب سے حق مہر کا مطالبہ بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، مفتی خورآباد بازار میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے تین ماہ قبل سڑک سے سپیڈ بریکر ہٹاتے وقت ایک ہفتے میں نئے بریکرز لگانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن تاحال وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ تنگ بازار اور اسکولوں کے قریب تیز رفتار ٹریفک کی وجہ سے بچوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور انتظامیہ کی اس غفلت نے آج ایک معصوم بچی کی جان لے لی۔

مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے دھرنا دے دیا ہے اور انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

Scroll to Top