شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے والوں کے لیے اہم خبر، نادرا کی نئی گائیڈ لائنز جاری

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے زائد المیعاد قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور بچوں کے ب فارم کا اندراج 30 جون 2026 تک لازمی مکمل کر لیں۔

اتھارٹی نے اشارہ دیا ہے کہ نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے بعد ان سروسز پر اضافی فیسیں یا جرمانے عائد کیے جانے کا قوی امکان ہے جس سے شہریوں پر مالی بوجھ بڑھ سکتا ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مستقبل کی کسی بھی پریشانی یا اضافی اخراجات سے بچنے کے لیے بروقت نادرا دفاتر سے رجوع کریں اور اپنی دستاویزات درست کروائیں۔

بیان میں خاص طور پر والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ جن بچوں کے ابھی تک ب فارم نہیں بنے ان کی رجسٹریشن فوری کرائی جائے تاکہ ان کا ڈیٹا بیس میں اندراج مکمل ہو سکے۔

اس کے علاوہ جن بچوں کی عمر اسمارٹ آئی ڈی کارڈ بنوانے کی حد تک پہنچ چکی ہے، ان کے ب فارم کو فوری طور پر شناختی کارڈ میں تبدیل کروانے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

نادرا حکام کا کہنا ہے کہ نئے مالیاتی بجٹ کے بعد فیسوں کے ڈھانچے پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے، جس کے بعد رجسٹریشن میں تاخیر کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہو سکتے ہیں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی پیچیدگی یا اضافی فیس سے بچنے کے لیے جون کے اختتام سے پہلے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لیں۔

Scroll to Top