خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب میں بارش اور ژالہ باری کا امکان،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور پنجاب میں بارش اور ژالہ باری کا امکان،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کے اضلاع اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لیہ، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاءالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ اور ملتان میں بھی گرج چمک کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بادل برسیں گے۔ ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا خدشہ ہے۔

گلگت، اسکردو، گانچھے، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، شگر اور کھرمنگ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، حویلی، پونچھ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی موسم شدید رہے گا۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت سے گلیشیئرز پگھلنے کے باعث سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ شہری گلیشیائی جھیلوں کے قریب جانے اور پر خطر ڈھلوانوں پر قیام سے مکمل اجتناب کریں۔

تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے سولر پینلز، کمزور تعمیرات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں کے مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ شہریوں کو بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top