انمول عرف پنکی کیس،تحقیقات میں اہم انکشافات

کراچی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار ملک کی بڑی کوکین میکرملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے جبکہ دوسری جانب پولیس حکام نے ملزمہ کو پروٹوکول کے ساتھ عدالت میں پیش کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ تفتیشی عملے کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

کراچی کی گارڈن پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے ایک پستول، کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق ملزمہ 10 سے زائد مقدمات میں مفرور تھی اور شہر میں منشیات کی ڈیلنگ اور سپلائی کا ایک منظم نیٹ ورک آپریٹ کر رہی تھی۔

ملزمہ آن لائن آرڈرز وصول کرتی تھی اور منشیات کی ترسیل کے لیے مخصوص رائیڈرز سمیت خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کرتی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔

ملزمہ کی عدالت میں پیشی کے دوران قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی اور اسے بغیر ہتھکڑی پیش کرنے پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعے کی مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس غفلت پر تفتیشی افسر اور متعلقہ عملے کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے سینئر افسر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے بھی واضح کیا ہے کہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ پولیس کے تمام افسران اور اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔

گرفتاری کے بعد ہونے والی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں جن کے مطابق ملزمہ محض کراچی تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں بھی منشیات سپلائی کرنے والے ایک منظم نیٹ ورک کی سربراہی کر رہی تھی۔

تحقیقاتی اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی سے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت تک منشیات کی ترسیل ایک نہایت پیچیدہ سسٹم کے ذریعے کی جاتی تھی جس میں مختلف شہروں کے ڈیلرز شامل تھے۔ اس نیٹ ورک کی جڑیں کاٹنے کے لیے اب کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پہلے سے گرفتار منشیات فروشوں سے بھی دوبارہ تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس نے بھی ملزمہ کا کرمنل ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے گزشتہ 10 دنوں میں 73 ڈیلرز کو گرفتار کیا ہے جن سے ملزمہ کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔ دیگر اضلاع سے بھی ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے اور ٹھوس شواہد ملتے ہی مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی پولیس کو آگاہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top