تھانہ میریان کی حدود میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 کلو وزنی دیسی ساختہ بم ناکارہ بنا دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن صبح سویرے شروع کیا گیا، جس میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ڈرون اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا۔
سی پی او کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج اور دیگر امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہے اور دشمن کے ہر وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔





