چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت گورننس اور عوامی خدمات سے متعلق ہفتہ وار ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں عید الاضحیٰ کی تیاریوں اور صوبے میں جاری صفائی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید الاضحیٰ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ اس بار صفائی کے معیار کی بنیاد پر اضلاع کی باقاعدہ درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عید کے دنوں میں اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع کو نمایاں حیثیت دی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے بھر میں 104 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ اسی طرح محکمہ امریلیشن کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے راستوں سے تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے عمل کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں خصوصی مہم بھی جاری ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے تقریباً 2500 کنٹریکٹ طبی اہلکاروں کی بھرتی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ شکایات کے ازالے کے لیے سات دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے تحت 72 ہسپتالوں کی دو مراحل میں آؤٹ سورسنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ چیف سیکرٹری کو جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے جاری آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق گزشتہ 25 دنوں کے دوران صوبے بھر میں 293 چھاپے مارے گئے، جن میں 8 ہزار مکعب فٹ غیر قانونی لکڑی اور 76 ہزار 500 کلوگرام ایندھن کی لکڑی ضبط کی گئی۔





