اعجاز آفریدی
پشاور: محکمہ ایکسائز نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی ہیں، جس میں 72 کلو چرس اور 5 کلو آئس شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی عید کے روز چارسدہ روڈ ناگمان کے قریب کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے منشیات کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔
یہ کارروائی ایکسائز بیورو آف انٹیلیجنس کی ٹیم نے انجام دی، جس کی نگرانی پراونشل انچارج عاکف نواز خان نے کی۔ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ اسمگلنگ نیٹ ورک کو ناکام بنایا۔
واقعے کے بعد متعلقہ تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد تک پہنچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : وسیم اکرم کی حج کے دوران بولنگ کے انداز سے شیطان کو کنکریاں مارنے کی ویڈیو وائرل
محکمہ ایکسائز کے مطابق اس کارروائی کا مقصد منشیات کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی روک تھام اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
یہ کارروائی صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات پر تیز کی گئی انسدادِ منشیات مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف یہ مہم آئندہ بھی اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔





