اخونزادہ عبد الحق
مردان: ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد عید الاضحیٰ کے موقع پر ڈیوٹی انجام دینے والے ریسکیو اہلکاروں سے عید ملنے مردان پہنچ گئے، جہاں ریجنل ڈائریکٹر آپریشنز سینٹر عمران خان یوسفزئی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللّٰہ مروت نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو عید کی مبارکباد دی اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔
انہوں نے مردان ضلعی آفس، کنٹرول روم اور مختلف آپریشنل شعبوں کا دورہ بھی کیا جہاں ایمرجنسی گاڑیوں، آلات اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد نے عید الاضحیٰ کے دوران عوام کو فراہم کی جانے والی ایمرجنسی خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بجٹ سے قبل وزیر خزانہ کا اہم اعلان، عوام کے لیے بڑی خوشخبری
انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بروقت اور معیاری ریسکیو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کے اہلکار مکمل طور پر الرٹ ہیں اور ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ہر ایمرجنسی میں فوری امداد کی فراہمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار مذہبی تہواروں اور سرکاری تعطیلات کے دوران بھی خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔





