عید کے دوسرے روز کنڈی ماڈل فارم پر سیاسی گہما گہمی، گورنر فیصل کریم کنڈی عوام میں گھل مل گئے

ڈیرہ اسماعیل خان: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی اپنی رہائش گاہ کنڈی ماڈل فارم میں شہریوں، سیاسی کارکنوں اور مختلف وفود سے عید ملتے رہے۔

اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی و سماجی شخصیات اور پارٹی کارکنوں نے گورنر سے ملاقاتیں کیں اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ بنوں، بھکر اور دیگر اضلاع سے آئے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور وفود نے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور مختلف عوامی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقاتوں کے دوران شہریوں نے گورنر خیبرپختونخوا کو اپنے مسائل اور علاقائی مشکلات سے آگاہ کیا، جس پر گورنر نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں : مردان میں عید پر جذبۂ خدمت کی مثال، ڈی جی شاہ فہد اہلکاروں سے عید ملنے پہنچ گئے

اس موقع پر صوبے میں گیس اسٹیشنز کی بندش اور گندم کی آمد پر پابندی کے معاملے پر عوام دوست کردار ادا کرنے پر شہریوں اور کارکنوں نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وفود کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھائی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ صوبے کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

Scroll to Top