پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا یا پارٹی کے اندر کسی قسم کا کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں، اور تمام ارکان بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے جہاں ارکان کو اختلافِ رائے کا حق حاصل ہے، تاہم تمام فیصلے باہمی اتفاقِ رائے سے کیے جاتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق حالیہ اجلاس میں تمام ارکان شریک تھے، صرف وہ افراد غیر حاضر تھے جو بیرونِ ملک موجود تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سہیل آفریدی کی نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور پارٹی قیادت ان کی حمایت اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق تمام ایم پی ایز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بیان کا مقصد اندرونی اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی نفی کرنا اور پارٹی میں اتحاد کا تاثر مضبوط کرنا ہے۔





