اب سفر ہوگا آسان! ساؤتھ ایئر کا بڑا اعلان، ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے باقاعدہ پروازیں شروع

اب سفر ہوگا آسان! ساؤتھ ایئر کا بڑا اعلان، ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے باقاعدہ پروازیں شروع

ساؤتھ ایئر نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے باقاعدہ فضائی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے خیبرپختونخوا میں فضائی رابطوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ساؤتھ ایئر کے وفد نے چیئرمین کنور محمد طارق کی سربراہی میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں فضائی رابطوں کی توسیع اور نئی پروازوں کے آغاز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازوں کے آغاز پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ساؤتھ ایئر کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کی پروازیں صوبے میں کامیاب ثابت ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سیاحت اور کاروبار کے فروغ کے لیے فضائی رابطے ناگزیر ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا پاکستان کی سیاحت کا مرکز ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے کئی اہم علاقے اب بھی فضائی سہولیات سے محروم ہیں، جنہیں جدید فضائی نیٹ ورک سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ پشاور سے کراچی، لاہور اور کوئٹہ کی پروازیں صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائیں گی، جبکہ نئی ایئرلائنز کے آغاز سے روزگار، سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور محمد طارق نے بتایا کہ ایئرلائن نے تمام آپریشنل، تکنیکی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور رواں ماہ ملک بھر میں اپنے فضائی آپریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر کا ہدف ملک کے چھوٹے اور دور دراز علاقوں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کمپنی کے لیے انتہائی اہم اسٹیشن ہے، جہاں روزانہ پروازیں چلانے کا منصوبہ ہے۔

چیئرمین ساؤتھ ایئر کے مطابق چترال کے لیے بھی باقاعدہ پروازیں شروع کی جائیں گی، جبکہ پشاور سے کراچی، کوئٹہ اور لاہور کے لیے بھی روزانہ پروازیں چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے خیبرپختونخوا میں فضائی سہولیات میں نمایاں بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔

Scroll to Top