جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل مکین کے علاقے دشکہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک 19 سالہ نوجوان کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق آج صبح تقریباً نو بجے نامعلوم ملزمان نے زیڑ سار گاؤں ڈانگرکائی کے رہائشی نوجوان رضا اللہ ولد عبدالمالک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مقتول کی لاش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر موجود رہی جسے بعد میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کیا۔
دوسری جانب مقتول کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی ۔
تھانہ مکین کے ایس ایچ او ہدایت اللہ محسود نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔
انہوں نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کے لواحقین کے مطابق نوجوان کو دو روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھاتاہم اس کی رپورٹ پولیس میں درج نہیں کرائی گئی تھی۔
ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے اصل محرکات اور ملزمان کی شناخت کے لیے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔





