شانگلہ سے صبح صبح افسوسناک خبر آگئی

شانگلہ سے صبح صبح افسوسناک خبر آگئی

شانگلہ، مکان کی چھت گرنے سے 6 یتیم بچے جاں بحق، علاقے میں کہرام

خیبر پختونخوا کے پہاڑی ضلع شانگلہ میں ایک دلخراش حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 یتیم بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تحصیل الپورئی میں پیش آیا، جہاں گزشتہ رات ایک کچے مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔ چھت گرنے سے گھر میں موجود بچے ملبے تلے دب گئے، جس کے نتیجے میں 6 بچے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی، جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے سے لاشوں اور زخمی بچی کو نکالا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ناظرہ، سمیرا، رضوان، نایاب، حیا نور اور عمیرہ بی بی شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والد جہان بشر کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا تھا، جس کے باعث تمام بچے یتیم تھے۔ جاں بحق افراد میں پانچ لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔

اس المناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ اہل علاقہ نے متاثرہ خاندان کے لیے حکومتی امداد اور کچے مکانات کے مکینوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top