اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے “سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام” سے متعلق اہم تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کا مقصد قانونی ترسیلاتِ زر کی حوصلہ افزائی اور اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام اوورسیز پاکستانیوں کو ترغیب دینے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی مالیاتی ذرائع کے ذریعے پاکستان میں رقوم بھیجیں۔
پروگرام کے تحت ہر ترسیل پر صارفین کو پوائنٹس دیے جائیں گے جنہیں مختلف سرکاری اور نجی خدمات میں استعمال کیا جا سکے گا۔

بیورو کے مطابق پروگرام میں چار کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں جن میں گرین، گولڈ، پلاٹینم اور ڈائمنڈ شامل ہیں۔ ان کیٹیگریز کا تعین سالانہ ترسیلاتِ زر کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایک مالی سال میں 10 ہزار امریکی ڈالر تک رقوم بھیجنے والے افراد کو “گرین” کیٹیگری میں رکھا جائے گا، جبکہ 10 ہزار ایک سے 30 ہزار ڈالر تک ترسیلات بھیجنے والوں کو “گولڈ” کیٹیگری دی جائے گی۔
اسی طرح 30 ہزار ایک سے 50 ہزار ڈالر تک رقوم بھیجنے والے صارفین “پلاٹینم” کیٹیگری میں شامل ہوں گے جبکہ 50 ہزار ڈالر سے زائد ترسیلات بھیجنے والوں کو “ڈائمنڈ” کیٹیگری میں رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : فلپائن میں خوفناک زلزلہ، زمین لرز اٹھی، شدت 8.2 ریکارڈ
حکام کے مطابق ہر کیٹیگری کے تحت مختلف شرح سے انعامی پوائنٹس دیے جائیں گے، جنہیں نقدی فوائد کے علاوہ سرکاری خدمات میں رعایت کیلئے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پروگرام موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی دستیاب ہوگا، جس کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اپنے پوائنٹس اور سہولیات کو آسانی سے مانیٹر کر سکیں گے۔

پروگرام کے تحت پی آئی اے میں اضافی سامان کی سہولت، پاسپورٹ اور نائیکوپ کی تجدید، نادرا خدمات، انشورنس پریمیم ادائیگی، تعلیمی فیسوں اور دیگر سرکاری خدمات میں بھی انعامی پوائنٹس استعمال کیے جا سکیں گے۔
بیورو آف امیگریشن نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر بھیجیں تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو اور وہ اس پروگرام کے فوائد سے بھی مستفید ہو سکیں۔





