لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ڈاکٹر پر مبینہ حملے کی ویڈیو وائرل

سلمان یوسفزئی

پشاور: لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں ایک ڈاکٹر پر مریض کے لواحقین کی جانب سے مبینہ حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں چند افراد اور طبی عملے کے درمیان دھکم پیل اور کشیدگی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسی دوران ایک سیکیورٹی گارڈ صورتحال کو قابو میں لانے اور مبینہ طور پر ڈاکٹر کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔ ویڈیو میں ایک بزرگ خاتون کی موجودگی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

تاحال اس واقعے کی وجوہات اور اصل پس منظر کے حوالے سے کوئی سرکاری تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بھی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، تاہم واقعے کی نوعیت اور اس کے محرکات کے بارے میں تصدیق شدہ معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کی ملک بدری میں اضافہ، ایف آئی اے نے اصل وجوہات بتا دیں

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف سرکاری ہسپتالوں، بالخصوص لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ماضی میں بھی مریضوں کے لواحقین اور طبی عملے کے درمیان تلخ کلامی اور تشدد کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

ایسے واقعات اکثر علاج معالجے کی صورتحال، سہولیات کی کمی یا انتظامی امور پر اختلافات کے باعث پیش آتے رہے ہیں۔

حکام کی جانب سے اس تازہ واقعے کی تحقیقات یا اقدامات کے حوالے سے آئندہ گھنٹوں میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top