خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے 13 جون کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گرمی سے تنگ عوام کیلئے بڑی خوشخبری، بادل برسنے کو تیار، محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، متبادل راستے فراہم کرنے اور متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور عوام کو سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top