دھمکیوں سے ڈرنے والے ہوتے تو بہت پہلے مقابل فریق کے سامنے جھک چکے ہوتے،عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی  نے واضح کیا ہے کہ ایران دھمکیوں اور دباؤ سے مرعوب ہونے والا نہیں اور کسی بھی بیرونی خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیوں سے ڈرنے والے لوگ بہت پہلے ہی مخالف فریق کے سامنے جھک چکے ہوتے، تاہم ایران نے ہمیشہ خودمختار اور مضبوط مؤقف اپنایا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران انفراسٹرکچر پر حملوں کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا اور اس حوالے سے مخالف فریق کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ ایسی دھمکیوں کے برعکس اثرات بھی ہو سکتے ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ اگر امریکا اور اس کے اتحادی جنگ چاہتے ہیں تو ایران اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زیر غور معاہدے میں 14 نکات شامل ہیں اور حتمی شکل دینے کے بعد ہر نکتے کو تفصیل سے عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران معاہدے پر ہفتے کے آخر میں یا پیر تک دستخط ہوسکتے ہیں، ٹرمپ

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایران اور عمان جلد ہی مل کر آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے، جس سے خطے میں نئی سفارتی پیش رفت سامنے آنے کی توقع ہے۔

انہوں نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ضرورت پیش آئی، ایران کی مسلح افواج آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں۔

Scroll to Top