مکہ مکرمہ: نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلافِ کعبہ تبدیل، روح پرور مناظر

مکہ مکرمہ میں نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی غلافِ کعبہ (کسوہ) کو تبدیل کر دیا گیا، جس کی روح پرور تقریب مسجد الحرام میں منعقد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق غلافِ کعبہ کی تبدیلی کا آغاز کسوہ فیکٹری سے ہوا، جہاں سے تیار شدہ نیا غلاف خصوصی طور پر مسجد الحرام منتقل کیا گیا۔

اس موقع پر تقریباً 250 ماہرین اور حرمین انتظامیہ کے کارکنان نے اس اہم اور مقدس عمل میں حصہ لیا، جبکہ غلاف کی تبدیلی کا عمل تقریباً 4 گھنٹوں میں مکمل کیا گیا۔

یاد رہے کہ 2022 سے غلافِ کعبہ کی سالانہ تبدیلی نئے اسلامی سال کے پہلے دن کی جا رہی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ عمل حج کے دوران 9 ذی الحجہ کی صبح انجام دیا جاتا تھا جب مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد نسبتاً کم ہوتی تھی۔

تبدیلی کے دوران مسجد الحرام میں زائرین معمول کے مطابق طواف اور عبادت میں مصروف رہے، جبکہ روحانی مناظر نے ماحول کو انتہائی پُرسکون اور وجدانی بنا دیا۔

نیا غلافِ کعبہ انتہائی باریک بینی اور مہارت سے تقریباً 11 ماہ کے عرصے میں تیار کیا گیا۔ یہ غلاف 47 ریشمی پینلز پر مشتمل ہے جن پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآن مجید کی 68 آیات مبارکہ کی خوبصورت کڑھائی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیا غلاف کعبہ کلید بردارِکعبہ کے حوالے ، یکم محرم کو تبدیل کیاجائے گا

غلافِ کعبہ کا مجموعی وزن 1,415 کلوگرام بتایا گیا ہے، جبکہ اس کی تیاری کے تمام مراحل مکہ مکرمہ میں واقع شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کسوہ کعبہ میں مکمل کیے گئے۔

ہر مرحلے پر معیار اور نفاست کو یقینی بنانے کے لیے سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

غلافِ کعبہ کی تیاری کو اسلامی فنون، دستکاری اور جدید معیار کی نگرانی کا ایک منفرد شاہکار قرار دیا جاتا ہے، جسے ہر سال خصوصی اہتمام کے ساتھ تبدیل کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top