آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ،این ڈی ایم کا الرٹ جاری

آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ،این ڈی ایم کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتِ حال ان کے تین سے چار ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہےجس کے تحت تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ سمیت ریسکیو اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے اضلاع کراچی، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور شہید بینظیر آباد جبکہ بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ادارے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں کے لیے گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) کا خصوصی الرٹ جاری کیا ہے جس کے باعث ان علاقوں میں اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا شدید خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور حساس علاقوں کے محکموں کو صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں، مسافروں اور بالخصوص سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور شمالی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال لازمی چیک کریں۔

Scroll to Top