پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے متعلق اہم تفصیلات منظرِ عام پر آگئی ہیں جن میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ فی لیٹر قیمت کا بڑا حصہ مختلف ٹیکسز اور لیویز پر مشتمل ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول اور ڈیزل کی مجموعی قیمت میں تقریباً 29 فیصد حصہ مختلف ٹیکسوں پر مشتمل ہوتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 88 روپے 7 پیسے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 91 روپے 15 پیسے تک کے ٹیکسز شامل ہیں۔
مزید تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 66 روپے 25 پیسے پیٹرولیم لیوی شامل ہوتی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے 68 پیسے کسٹم ڈیوٹی جبکہ 72 روپے 97 پیسے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، نوٹیفکیشن جاری
ذرائع کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 50 پیسے کلائمٹ سپورٹ لیوی بھی شامل ہے۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایندھن کی قیمت میں صرف خام مال ہی نہیں بلکہ مختلف حکومتی ٹیکسز اور لیویز بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔





