شائقین کیلئے بڑی خبر، اسپورٹیج الفا کی قیمت میں بڑی کمی

کِیا پاکستان نے اپنی مقبول ترین ایس یو وی (SUV) اسپورٹیج کے ایک ویریئنٹ کی قیمت میں بھاری کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد یہ گاڑی خریداروں کے لیے مزید قابلِ رسائی ہو گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹیفکیشن کے مطابق، اسپورٹیج لائن اپ کے بیس (انٹری لیول) ویریئنٹ “کِیا اسپورٹیج الفا”کی قیمت میں پورے 10 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے۔

اسپورٹیج الفا کی سابقہ ایکس فیکٹری قیمت 88 لاکھ 99 ہزار روپے تھی، جو کہ اس بڑی کٹوتی کے بعد اب کم ہو کر 78 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ گاڑی 2000 سی سی نان ہائبرڈ پیٹرول انجن سے لیس ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی ایکس فیکٹری قیمت کا اطلاق 22 جون 2026 سے یا اس کے بعد انوائس ہونے والے تمام آرڈرز پر فوری طور پر ہوگا۔ تاہم، حکومت کی جانب سے عائد کیے جانے والے کسی بھی نئے ٹیکس، ڈیوٹی یا دیگر چارجز کی ادائیگی صارفین کے ذمے ہی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ

نوٹیفکیشن میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ اس قیمت میں فریٹ اور انشورنس چارجز شامل نہیں ہیں، اور نئی قیمت کا فائدہ نقد (Cash) اور فنانسنگ دونوں طریقوں سے گاڑی خریدنے والے صارفین کو ملے گا۔

دوسری جانب، پاکستان میں کِیا اور پیجو برانڈز چلانے والی کمپنی لکی موٹرز نے پیجو (Peugeot) گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی کا اشارہ دیا ہے، جس کی تفصیلی معلومات جلد ہی جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top