اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی، متعدد شاہراہوں پر ٹریفک ڈائیورشنز کا اعلان

اسلام آباد: دارالحکومت میں سیکیورٹی اور ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آج رات 12 بجے سے اگلے حکم تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق میریٹ اور مارگلہ روڈ کے علاوہ ریڈ زون کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رہیں گے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے متبادل راستوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کورال سے فیض آباد ایکسپریس وے، مری روڈ اور کلب روڈ پر ٹریفک کو مختلف مقامات پر ڈائیورٹ کیا جائے گا، جبکہ سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے ڈھوکری چوک تک ٹریفک کیلئے مکمل بند رہے گی۔

حکام کے مطابق فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ آنے اور جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے اور نائنتھ ایونیو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔

پارک روڈ سے کلب روڈ کی بندش کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ بھارہ کہو سے راولپنڈی آنے جانے والے شہریوں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں عاشورہ انتظامات مکمل، موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والے شہری کرنل شیر خان روڈ استعمال کریں۔ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک ٹیکسلا سے موٹروے اور چک بیلی روڈ کے ذریعے روات کا راستہ اختیار کرے گی۔

اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک روات، چک بیلی روڈ، چکری انٹرچینج اور موٹروے استعمال کرے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل رہنمائی کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل یا ایف ایم 92.4 سے تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔

Scroll to Top