انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی گل فیروزہ کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گل فیروزہ کے خلاف کارروائی آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں لیول ون کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر کی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق گل فیروزہ آؤٹ ہونے کے بعد مایوسی کے عالم میں جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب اپنا بیٹ اور گلوز پھینک دیے تھے، جسے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں
اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستانی کرکٹر نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد انہیں باضابطہ سرزنش کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ اسی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 113 رنز سے شکست دی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 199 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 86 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔





