عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں

عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے کے قریب ایک کارگو جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق حملہ عمان کے ساحل سے تقریباً ساڑھے سات ناٹیکل میل کے فاصلے پر پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم پروجیکٹائل کارگو جہاز کے اگلے حصے سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واقعے کے فوری بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 1.58 ڈالر اضافے کے ساتھ 71.92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کی تجویز زیر غور

رپورٹس کے مطابق اس حملے سے ایک روز قبل خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، جو خطے میں کشیدگی بڑھنے سے پہلے کی سطح کے قریب تھیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق عمان کے قریب حملے کے بعد آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کی جاری کوششیں عارضی طور پر روک دی گئیں، جس سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات دوبارہ بڑھ گئے ہیں۔

Scroll to Top