بلوچستان میں زلزلہ، بارکھان اور موسیٰ خیل میں 20 افراد زخمی

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے 5.1 شدت کے زلزلے کے باعث بارکھان اور موسیٰ خیل میں 90 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دیواریں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا سکے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ژوب، بارکھان، رکھنی، کوہلو اور دیگر قریبی علاقوں میں شدید نوعیت کے محسوس کیے گئے، جس کی گہرائی 17 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کوہلو سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں : وینزویلا کے بعد جاپان میں زلزلہ

واضح رہے کہ آج صبح کے وقت بھی کوہلو اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ سبی اور اطراف کے علاقوں میں بھی صبح 4.2 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا جہاں حکام کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔

Scroll to Top