خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کے مطابق دھماکے کی زد میں ایک مسافر وین اور ایک گاڑی آئی۔ مسافر وین گاؤں ہاتھی خیل سے بنوں جا رہی تھی کہ راستے میں سڑک کنارے نصب دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ وین میں سوار 5 افراد جبکہ گاڑی میں موجود 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر خلیفہ گل نواز ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔





