اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد پٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا، جبکہ مٹی کے تیل پر لیوی کی شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 6 روپے 57 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول پر بھی پٹرولیم لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پیٹرول پر لیوی کی نئی شرح 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑی کمی کر دی
واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ پندرہ روزہ جائزے میں پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کی نئی شرحیں نافذ العمل ہو گئی ہیں۔





