اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے قومی شناختی کارڈ پر مستقل یا عارضی رہائشی پتہ تبدیل کرانے کا آسان طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
اس حوالے سے نادرا کی جانب سے ایک آگاہی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جس میں مختلف صورتوں میں درکار دستاویزات اور مکمل طریقہ کار سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہے اور صرف اپنے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اس کے لیے دو بنیادی دستاویزات درکار ہوں گی۔
ان میں کرایہ نامے کی کاپی اور متعلقہ رہائش گاہ کے بجلی کے بل کی کاپی شامل ہے، جن کی بنیاد پر عارضی پتے کی تبدیلی کی کارروائی مکمل کی جا سکتی ہے۔
تاہم اگر کوئی شہری چاہتا ہے کہ کرائے کے گھر کا پتہ ہی اس کے شناختی کارڈ پر مستقل پتہ درج کیا جائے تو اسے مذکورہ دستاویزات کے ساتھ مالک مکان کا بیانِ حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔
اس بیانِ حلفی میں مالک مکان اس بات کی تصدیق کرے گا کہ اس نے مکان متعلقہ شہری کو کرائے پر دیا ہے اور اسے اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ کرایہ دار اپنے شناختی دستاویزات میں اسی پتے کو مستقل رہائشی پتہ ظاہر کرے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ بار کے سابق جنرل سیکرٹری عمران خان مٹا مسلم لیگ (ن) میں شامل
دوسری جانب اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہو تو اس صورت میں کسی فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نادرا کے مطابق درخواست گزار صرف جائیداد کے اصل ملکیتی کاغذات ساتھ لائے، جنہیں نادرا دفتر میں اسکین کرکے ریکارڈ کا حصہ بنا لیا جائے گا۔
نادرا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پتہ تبدیل کرانے کے لیے درست اور مکمل دستاویزات کے ساتھ رجوع کریں تاکہ درخواست کی کارروائی بروقت اور بغیر کسی دشواری کے مکمل کی جا سکے۔





