صدر اور وزیراعظم کی ملاقات،پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

ملک کی سیاسی صورتحال پر صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں ایک اہم اعلیٰ سطحی بیٹھک ہوئی جس میں وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ وفد کی جانب سے کل پی ٹی آئی قیادت سے باضابطہ مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس اہم اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ شریک ہوئے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ بھی مشاورت میں موجود تھے۔

اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے قائم کی گئی مشترکہ کمیٹی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، رانا ثنا اللہ، امیر مقام، سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔ وفد کل تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کر کے موجودہ سیاسی و آئینی صورتحال پر بات چیت کا آغاز کرے گا۔

اجلاس کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے افغانستان میں چرچے

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کے قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

Scroll to Top