اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نادرا کے غیر مؤثر، منسوخ یا ایکسپائرڈ قومی شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز ریگولیٹری قواعد کے تحت بلاک یا معطل کی جا سکتی ہیں۔
اس حوالے سے پی ٹی اے نے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی میعاد بروقت چیک کریں اور اگر شناختی کارڈ کی مدت ختم ہو چکی ہے تو فوری طور پر اس کی تجدید کرائیں۔
پی ٹی اے کے مطابق صرف وہی موبائل سمز فعال رہیں گی جو درست، فعال اور قابلِ تصدیق شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ ہوں گی۔ اگر کسی صارف کا شناختی کارڈ نادرا کے ریکارڈ میں غیر مؤثر، منسوخ یا ایکسپائرڈ ہو تو اس پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بند کی جا سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موبائل سروس میں ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے جلد از جلد اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے رابطہ کریں اور شناختی کارڈ کی تجدید مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں : شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کا آسان طریقہ،نادرا نے طریقہ بتا دیا
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ کی تجدید کے بعد صارفین اپنی تازہ معلومات متعلقہ موبائل کمپنی کے ریکارڈ میں بھی لازمی اپ ڈیٹ کروائیں تاکہ سم رجسٹریشن کا ڈیٹا درست اور قابلِ تصدیق رہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد موبائل سمز کے استعمال کو قانونی، محفوظ اور شفاف بنانا، غیر تصدیق شدہ کنکشنز کی روک تھام کرنا اور صارفین کو مستقبل میں کسی بھی سروس بندش سے محفوظ رکھنا ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید کو یقینی بنائیں تاکہ موبائل سروس بلا تعطل جاری رہ سکے۔





