آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ بارش ہوگی یا نہیں، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟ بارش ہوگی یا نہیں، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یکم جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ مغربی سمت سے تقریباً 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے موسم میں معمولی بہتری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق یکم جولائی سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شدید گرمی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے اوقات میں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا، ہوا کی رفتار تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں وقتی کمی آسکتی ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں موسمی صورتحال خطرناک بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا کے ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید گرمی اور متوقع پری مون سون بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی جھیلوں میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF)، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً سیاحوں اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

Scroll to Top