مردان کے علاقے غلامو پیر گڑھی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر کے اندر کھیلتے ہوئے تین سالہ بچہ پانی سے بھری بالٹی میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت جلال ولد اسد کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سی پی آر (CPR) بھی دی۔
ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال مردان منتقل کیا، تاہم ڈاکٹرز اور ریسکیو ٹیم کی تمام تر کوششوں کے باوجود بچے کی جان نہ بچائی جا سکی۔
ریسکیو 1122 نے اس افسوسناک واقعے کے بعد والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ کم عمر بچوں کو پانی سے بھری بالٹیوں، ٹبوں، نہروں، تالابوں اور دیگر آبی مقامات کے قریب ہرگز تنہا نہ چھوڑیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ معمولی سی غفلت بھی ایسے المناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا بچوں کی ہر وقت نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔





