وحید اللہ
باجوڑ: تحصیل میونسپل آفیسر (ٹی ایم او) ناواگئی نے ضلع باجوڑ میں مرکزی شاہراہوں اور بازاروں میں نصب اسٹریٹ لائٹس سے متعلق تفصیلی رپورٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) کو ارسال کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایم اے ناواگئی کی حدود میں مختلف سڑکوں اور بازاروں میں مجموعی طور پر 212 اسٹریٹ لائٹس نصب ہیں، جن میں سے صرف 17 فعال جبکہ 195 غیر فعال ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان غیر فعال اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کے لیے 19.5 ملین روپے درکار ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق سول کالونی ناواگئی میں 26 میں سے 11 اسٹریٹ لائٹس فعال جبکہ 15 غیر فعال ہیں۔ ترخو بازارمیں تمام 6 اسٹریٹ لائٹس فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ جھیل سیف اللہ: 6 افراد جاں بحق، لاپتہ خاتون کی تلاش جاری، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مؤقف سامنے آگیا
دوسری جانب ناواگئی بازار کی تمام 30، گٹکی بازار کی 36، مینہ بازار کی 45، لغرائی بازار کی 46، لرکلی کی 8 اور کمرسر بازار کی 15 اسٹریٹ لائٹس مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔
رپورٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) کے دفتر کے مراسلے کے جواب میں مقررہ فارمیٹ کے تحت ارسال کی گئی ہے، جبکہ اس کی نقول ڈپٹی کمشنر باجوڑ، ریجنل میونسپل آفیسر ملاکنڈ ڈویژن اور متعلقہ صوبائی حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔





