بارشوں کی نوید، مگر احتیاط بھی ضروری؛ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تاہم محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ دوپہر اور شام کے بعد تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں کہاں بارش ہوگی؟محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دیر، سوات، چترال، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور اورکزئی سمیت مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے کن شہروں میں بارش متوقع؟پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی اور حبس برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شام کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ اور بلوچستان کی صورتحال محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور حبس والا رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی برقرار رہے گی، تاہم شام اور رات کے وقت خضدار اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستا ن کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ محکمہ موسمیات نے اپنے الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ تیز آندھی، جھکڑ اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، کچی چھتوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی بارش محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں 16 ملی میٹر جبکہ پاراچنار میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے شدید گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو خراب موسمی حالات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔





