گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قاتل کو 9 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا گیا، آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد پولیس نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل میں ملوث ملزم سعد عباسی کو واقعے کے صرف 9 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔

انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس پولیس کے لیے انتہائی اہم تھا جس کے باعث واقعے کے فوری بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا.

آئی جی کا کہنا تھا کہ آج تقریباً 11 بجے اسلام آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، ملزم سعد عباسی ایک خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ خاتون ملزم کو مکمل طور پر نہیں جانتی تھی۔

آئی جی نے کہا عاصم طارق سرکاری ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ راستے میں انہوں نے خاتون کو مشکل میں دیکھا انہوں نے فوری طور پر یوٹرن لیا، اپنا تعارف کرایا اور ملزم کو خاتون سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

علی ناصر رضوی نے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے خاتون کو زبردستی لے جانے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا تاہم ملزم نے موٹرسائیکل واپس موڑ کر ان پر فائرنگ کر دی۔

آئی جی کا کہنا تھا فائر لگنے سے گروپ کیپٹن عاصم طارق موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت، وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے جدید تفتیشی ذرائع اور شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم سعد عباسی کو صرف 9 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top