پرائز بانڈ ہولڈرز کے لیے خوشخبری، انعامی رقم پر ٹیکس کی شرح برقرار

اسلام آباد: نئے مالی سال 2026-27 کا فنانس ایکٹ یکم جولائی سے نافذالعمل ہو گیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیکس قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں، تاہم پرائز بانڈ رکھنے والوں کے لیے حکومت نے انعامی رقم پر عائد ٹیکس کی شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے فنانس ایکٹ کے مطابق رواں مالی سال میں بھی پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر فائلرز سے 15 فیصد جبکہ نان فائلرز سے 30 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

اس طرح انعام جیتنے والے افراد کو گزشتہ مالی سال کی طرح ہی ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اس مد میں کسی اضافی بوجھ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب 750 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی 107ویں قرعہ اندازی 15 جولائی 2026 کو لاہور میں ہوگی۔

اس قرعہ اندازی میں ایک خوش نصیب کے نام 15 لاکھ روپے کا پہلا انعام نکلے گا، جبکہ تین افراد پانچ، پانچ لاکھ روپے کے دوسرے انعامات حاصل کریں گے۔

اس کے علاوہ سینکڑوں کامیاب امیدواروں کو 9 ہزار 300 روپے کے تیسرے انعامات بھی دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : محکمہ ایکسائز نے ٹوکن ٹیکس پر 10 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا

واضح رہے کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں لوگ سود سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی بچت پرائز بانڈز میں محفوظ رکھتے ہیں، جہاں سرمایہ محفوظ رہنے کے ساتھ ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے نقد انعامات جیتنے کا موقع بھی ملتا ہے۔

اس وقت قومی بچت کے 100، 200، 750، 1500، 7500، 15 ہزار، 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز دستیاب ہیں۔

Scroll to Top